کتاب کا نام:

انوارسروش    

 مصنف :

محبوب الٰہی عطاء

سال اشاعت:

اپریل ۲۰۰۸

صفحات:

۱۷۸

قیمت:

۱۲۰روپے

ناشر:

مثال پبلشرز فیصل آباد

تبصرہ :

بادشاہ منیربخاری

محبوب الٰہی عطاء صوبہ سرحد میں بڑے قدر کے رباعی گو شاعر ہیں، ہزارہ کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے اس شاعر کی اس سے پہلے چار مجموعے شایع ہو چکے ہیں، ان کے مجموعے "عطائے رسول صلی اللھ علیہ وٰلہ وسلم"، "آئینہ در آئینہ"، "چرخِ اطلس"، "زمزمۂ ہاتف" کے ناموں سے ادبی حلقوں سے داد سمیٹ چکے ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب میں ان کی شخصیت اور کلام پر آصف ثاقب، پروفیسر صوفی عبدالرشید اور عبدالقادر ساجد کے تنقیدی مضامین شامل ہیں، عطا کی نعت گوئی نے خاص شہرت پائی ہے۔

سرکار کی نسبت سے ہوں میں اہل سروش               آتےہیں مجھےغیب سے پیغام خموش
مہتاب رخ شاہ مدینہ کے سبب                     ہے بحر محبت میں مرے جوش و خروش

عطاء زودگو، پرگو اور خوش گو شاعر ہیں، ان کی رباعیات ایم اے اردو کے کورس میں شامل کی گئی ہیں، ان کی شاعری میں فن کی چستی بھی ہے اورفکر کی جولانیاں بھی، وہ واردات قلبی کو بیان کرنے کا ہنر جانتے ہیں اور رضاکاری کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

وحدت کی تجلی میں سفر کرتے ہیں    دیدار نبی صلی اللھ علیہ وٰلہ وسلم شام وسحرکرتے ہیں
جو عکس کی مانند عطا عمر عزیز     آئینہ الفت میں بسر کرتے ہیں

رباعی کہنا ایک مشکل اور نازک کام ہے، پھر رباعی میں نعت اور مناقب کو سمونا اس سے بھی مشکل کام ہے۔ عطا کو قدرت نے اس فن میں مہارت دی ہے، ان کی رباعیات فنی طور پر مکمل ہیں اور فکری طور پر قابل تعریف، وہ شعر میں موجود مفہوم کو پہلے محسوس کرتے ہیں، پھر اسے جذب کرتے ہیں اور پھر اس کا فنکارانہ اظہار کردیتے ہیں، اور یہی رباعی کہنے کے لیے ضروری ہے۔
کتاب نہایت ہی جاذب نظر گیٹ اپ میں چھپی ہے، کتاب کی سائیڈ فلیپس پر محمد صفیان صفی اور سلطان سکون کی آراء درج ہیں۔ جن میں نہایت اختصار کے ساتھ شاعر اور کلام شاعر پر تبصرہ کیا گیا ہے۔
ہزارہ کی سرزمین اردو شاعری کے لیے کافی سازگار ہے، محبوب الٰہی عطا اس خطے کے نمائندہ شاعروں میں سے ایک ہیں، اور انہوں نے رباعی جیسے مشکل صنف کو چنا ہے اور اسے خوبصورت انداز میں بھرتا بھی ہے۔ اس لیے ان کی اس نئی کتاب کو اس خطے کی شاعری میں ایک اچھا اضافہ قرار دیا جا سکتا ہے۔

 

اوپر جائیں  |   پرنٹ کیجئےِ
انگریزی ورژن ای میل چیک کریں مرکزی صحفہ پرنٹ پسندیدہ سائٹ بنائیں رابطہ کیجئے www.shahzadahmad.com www.shahzadahmad.com