کتاب کا نام:

مخدوم محمدزمان طالب المولٰی )شخصیت اورفن (  

 مصنف :

ڈاکٹرمحسنہ نقوی  

سال اشاعت:

۲۰۰۸

صفحات:

۱۰۳

قیمت:

۱۰۵روپے

ناشر:

پورب اکادمی اسلام آباد

تبصرہ :

بادشاہ منیربخاری

زیرتبصرہ کتاب مشہور روحانی پیشوا، شاعر اور سماجی شخصیت مخدوم محمد طالب المولٰی کے فن اور شخصیت پر تحقیق ہے۔ کتاب کی مصنفہ ڈاکٹرمحسنہ نقوی درس و تدریس سے وابستہ ہیں، ان کے تحقیقی مضامین مختلف جرائد میں چھپتے رہے ہیں ان کی تحقیق شخصیت کے ارد گرد گھومتی ہے۔ کتاب کا انتساب والد، والدہ، ماموں اور ان کی اہلیہ کے نام ہے، کتاب کو نو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے پہلے حصے میں احوال کے عنوان سے مخدوم صاحب کے نسبی سلسلے، ولادت، نام، تخلص، بچپن، تعلیم و تربیت، کھیل، روزانہ کے معمولات، سجادہ نشینی، شادیاں، اولاد واخلاف، مصروفیات اور انتقال کے بارے میں بنیادی معلومات جمع کی گئی ہیں۔
شخصیت کے باب میں مختلف پہلوؤں میں ادبی زندگی کی ابتداء، ان کے مجموعہ ہائے کلام اور دیگر تصانیف و تالیفات کے بارے میں معلومات یکجا کی گئی ہیں، تیسرے حصے میں جائزہ کے عنوان سے ان کی ادبی خدمات، سیاسی زندگی، روحانی حیثیت، سماجی خدمات، تعلیمی خدمات، موسیقی سے دلچسپی، اور اعزازات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ چوتھے حصے میں مخدوم صاحب کے بارے میں غلام مصطفٰی قاسمی، ڈاکٹر بنی بخش بلوچ، جمیل الدین عالی، غلام حیدر چنا، آفاق صدیقی، نذیرناز، نفیس احمد ناشاد، قمرشہباز، پروفیسر سید میر علی شاہ اور علی احمد بروہی کی آراء شامل کی گئی ہیں، پانچویں حصے میں ان کے کلام میں سے حمد اور غزلیں شامل کی گئی ہیں، چھٹے حصے میں ان کے اردو اور فارسی اشعار شامل کیے گئے ہیں، ساتویں حصے ميں ان کی منظومات کے تراجم شامل کیے گئے ہیں، آٹھویں حصے میں ان کے غزلوں کے تراجم جو مختلف لوگوں نے کیے ہیں شامل کیے گئے ہیں، نویں حصے میں نذر عقیدت کے نام  سے منظوم حصے کو شامل کیاگیا ہے۔
مخدوم محمد زمان طالب المولٰی ) ۱۹۹۳ء- ۱۹۱۹ء ( ایک روحانی پیشوا، ادیب، شاعر، محقق اور سیاست دان کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے سندھی اور اردو میں شاعری کی ہے، وہ دو مرتبہ سندھی ادبی بورڈ کے چیئرمین رہے، اس کتاب میں ان کی شخصیت کی نمایاں پہلوؤں کو سامنے لایا گیا ہے اور ساتھ ہی ان کے اردو کلام کا نمونہ اور سندھی سے اردو میں ترجمہ کی گئی شاعری بھی پیش کی گئی ہے۔
کتاب خوبصورت گیٹ اپ میں چھپی ہے۔ اس کتاب سے مخدوم طالب المولٰی کی شخصیت کا تعارف دیگر حلقوں میں ہوا ہے جو ایک بہتر سلسلہ ہے۔ اس سلسلے کو جاری رہنا چاہیئے۔

 

اوپر جائیں  |   پرنٹ کیجئےِ
انگریزی ورژن ای میل چیک کریں مرکزی صحفہ پرنٹ پسندیدہ سائٹ بنائیں رابطہ کیجئے www.shahzadahmad.com www.shahzadahmad.com