نام کتاب:                  پہلی اڑان                          مصنف:                   حسنین نازش
سال اشاعت:    ۲۰۰۹؁ء                       صفحات: ۱۵۶ قیمت:۱۶۰ روپے
پبلشر:            اظہار سنز ،لاہور                  تبصرہ :                  ڈاکٹربادشاہ منیر بخاری

          زیر تبصرہ کتاب افسانوں کا مجموعہ ہے ۔جس میں ۲۰ چھوٹے چھوٹے افسانے شامل کیے گئے ہیں۔حسنین نازش کی یہ پہلی کتاب ہے۔کتاب خوبصورت فلیپ کے ساتھ چھاپی گئی ہے ،کتاب کا نام بھی دیگر افسانوی مجموعوں کی طرح ایک افسانہ کے نام پہ رکھا گیا ہے ۔کتاب میں شامل افسانوں میں بے جا طوالت ،غیر مقصدیت،جنسی موضوعات کی کثرت اور کھوکھلے رومانوی جذبات کاپرچار نہیں کیا گیا جو ہمارے ہاں افسانوں کے لیے لازمی سمجھے جاتے ہیں ۔افسانہ نگار کے موضوعات زندہ موضوعات ہیں جن کا تعلق ہمارے روزمرہ زندگی سے ہے ،ان موضوعات میں قاری کو اپنا ماحول ملتا ہے اور افسانوی کرداروں میں انہیں اپنا عکس نظر آتا ہے ،ان افسانوں میں عہد حاضر کے سیاسی ،معاشی ،سماجی،مذہبی اور معاشرتی کشمکش او ر عہد حاضر کے ابتری کا دور نظر آتا ہے جہاں سامراجی قوتیں نئے روپ دھارے مظلوم اور بے کس انسانوں کا خون چوس رہی ہیں ،ان افسانوں میں اس دور کے ان لاچار انسانوں کی نظریں ایک نئے عالمی نظام کی منتظر اور متلاشی ہیں جس کی جھلک قاری کوسطر سطر میں محسوس ہوتی ہے۔
          لگ بھگ ساری کہانیوں میں حسنین نازش کا نقطہ نظر مثبت رہا ہے ،وہ اجتماعی زندگی سے جڑا ہوا ہے اور سماج کی نئی کروٹوں کو نگاہ میں رکھتا ہے ،اس کے ہاں کہانی کہنے کی شدید خواہش صاف نظر آتی ہے ،وہ واقعہ یوں لکھ سکتا ہے کہ پڑھنے والے کی دلچسپی حاصل کر لے ،عین آغاز ہی میں کسی کے ہاں کہانی لکھنے کی شدید خواہش کا موجود ہونا اور بات کہنے کی ایسی صلاحیت پالینا کہ مقابل توجہ دینے پر مجبور ہوجائے بہت اہم ہوجاتا ہے ،تاہم ابھی اسے فکشن کا جملہ لکھنے اور کہانی کو افسانے کا پلٹا لگانے کے ساتھ ساتھ اپنے بیانیے کو چست کرنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہے۔
          موضوعات کے حوالے سے وہ خود اپنے ڈھنگ سے سوچتا ہے اور)‘‘فتح ’’ کو چھوڑ کر ،جو اسرائیلی جارحیت سے پھوٹی تھی( اپنے ماحول کے اندر رہ کر کرداروں کا حلیہ بنانے اور منظر جمانے کی کوشش کرتا ہے۔‘‘ گناہ’’ میں ناروامعاشرتی پابندیاں ہیں بالکل اپنی معاشرت والی ،جو جنسی گھٹن پیدا کررہی ہیں،‘‘انٹرویو’’ میں بے روزگاری کے موضوع کو لیا گیا ہے،‘‘مسیحا’’ میں پیسے کی ہوس میں مبتلا مسیحا کا بگڑتا چہرہ دکھایا گیا ہے ،‘‘نومسلم’’ میں مرکزی جامعہ مسجد کے مولوی صاحب کے مکارانہ حیلے کو مات دی گئی ہے،‘‘ پہلی اُڑان’’ میں حکمرانوں کی بے حسی اور عوام کی بے بسی کا نقشہ کھینچا گیا ہے ،‘‘ روٹی ’’ میں بھوک موضوع بنی ہے جب کہ‘‘وسیلہ’’میں امیر اورغریب کے درمیان فاصلہ پاٹنے کے جتن ملتے ہیں
          مصنف کی اس سے پہلے ایک اور کتاب‘‘ اردو ہے جس کا نام ’’ چھپ چکی ہے ،

اوپر جائیں  |   پرنٹ کیجئےِ
انگریزی ورژن ای میل چیک کریں مرکزی صحفہ پرنٹ پسندیدہ سائٹ بنائیں رابطہ کیجئے www.shahzadahmad.com www.shahzadahmad.com