نام کتاب:         روشن چہرے                     مصنف:         علیم صبا نویدی
سال اشاعت:    ۲۰۰۶؁ء                        صفحات: ۲۰۸ قیمت:۴۰۰ روپے )انڈین (
پبلشر: ٹمل ناڈو اردو پبلیکشنز،چنئی ، انڈیا                       تبصرہ :        ڈاکٹربادشاہ منیر بخاری

          علیم صبا نویدی کی ادبی شخصیت کی کئی جہتیں ہیں ، وہ صحافی ہیں ، شاعر ہیں ، افسانہ نگار ہیں ، محقق ہیں اور تنقید نگار ہیں ،تامل ناڈو کے حوالے سے انہوں نے الگ الگ پہلوسے اتنی منفرد کتابیں اردو کو دی ہیں کہ اس کی مثال نہیں ملتی اور نہ ایسا جی دار اور فکر رسا کا مالک دوسرا کوئی دکھائی دیتا ہے ، علیم صبا نویدی پر چار پی ایچ ڈی اور ایک ایم فل کے مقالے لکھے جاچکے ہیں جس سے ان کے ادبی کام کی وسعت کا اندازہ ہوتا ہے ،انہیں ‘‘ بابائے ٹمل ناڈو ’’ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔
          زیر تبصرہ کتاب میں ‘‘روشن چہرے’’ کے عنوان سے علیم صبا نویدی کے نو تنقیدی و تحقیقی مضامین شامل کیے گئے ہیں ،ان مضامین میں تامل ناڈو کے اہل علم کا اتنا خوبصورت تجزیہ کیا گیا ہے کہ حیرت ہوتی ہے کہ اردو تامل ناڈو میں بھی دہلی اور لکھنو کی طرح پروان چڑھی اور اس میں ادب تخلیق ہوا۔ ‘‘روشن چہرے ’’ کے عنوان سے انہوں نے مولانا مولوی ابولحسن قربی ویلوری، سید سیف الدین لطیف آرکاٹی ) جو غالب کے ہم عصر تھے( نواب غوث خان اعظم بہادر)ابروئے تاریخِ ادب ٹمل ناڈو( علامہ غضنفر حسین شاکر نانطی) نور ادبِ ٹمل ناڈو( علامہ عبدالسلام کمالی ویلوری ) عظمت ادب ٹمل ناڈو( مولانا رحیم احمد فاروقی آزاد) قطب ِ ادب ٹمل ناڈو( حضرت دانش فرازی آمبوری ) آفتاب ادب ٹمل ناڈو( مولانا محی الدین راچی صدیقی) مینارہ ادب ٹمل ناڈو( اور مولانا نثار احمد ندوی باقوی ) خسرو کشور ٹمل ناڈو( کے عنوانات کے تحت ان شخصیات کے علمی ، ادبی اور شخصی کاموں کو نہایت مہارت اور صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے ۔
          ‘‘روشن نام’’ کے عنوان سے عزیز تمنائی اور سانیٹ نگاری ، کاوش بدری کی غزل گوئی ، فرحت کیفی ترائیلوں کے بانی اور خاتم، راز امتیاز نئی نسل کی نمائندہ شخصیت ، کاظم نانطی ، نئی غزل کے تناظر میں ، مختار بدری تامل ناڈو کا باوقار شاعر، حبیب اﷲ شاہ ٹمل ناڈو کا ایک گوشہ نشین فنکار،شبیب احمد کاف سچائیوں کا ضامن چہرہ۔پر خوبصورت اور صحت مند تنقیدی مضامین شامل کیے گئے ہیں۔
          ‘‘ روشن آئینے ’’ کے عنوان سے آثمہ آرکاٹی ٹمل ناڈو کی ممتاز مثنوی نگار، عاجزہ ترچناپلوی ٹمل ناڈو کی ممتاز نعت گو شاعرہ ، نواب بیگم مبشر النساء حیاؔ ٹمل ناڈو کی نعتیہ شاعری کی عظمت ، حجاب امتیاز علی تاج ٹمل ناڈو کی ممتاز افسانہ نگار، ڈاکٹر ذاکرہ غوث ٹمل ناڈو کی ممتاز محققہ ، مہر طلعت امبوری ٹمل ناڈو کے افسانوں میں فکری لہروں کی شناخت ، امیر النساء ٹمل ناڈو کے افسانوی افق کا ایک روشن ستارہ، منور رشید اردو افسانہ نگاری کی ایک نئی آواز۔اس عنوان سے تامل ناڈو کی خواتین ادیبوں کی ادبی کام اور ان کی ادبی قدر و منزلت کا جائزہ لیا گیا ہے ۔
          کتاب کے آغاز میں کتاب کی مرتبہ ڈاکٹر جاویدہ حبیب اپنے دو مختصر مضامین ‘‘ اپنی بات ’’ اور ‘‘ پہلی گفتگو ’’ کے عنوان سے علیم صبا نویدی کے کام اور ان کی شخصیت پر محاکمہ کرتی ہیں ۔ جبکہ ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی ‘‘ تعارف روشن تحریروں کا’’ کے عنوان سے علیم صبا نویدی کی شخصیت اور ان کے ادبی قد کاٹ پر اپنی رائے دیتے ہیں ۔        زیر تبصرہ کتاب میں ‘‘ٹمل ناڈو کے شعر و ادب کا پچاس سالہ جائزہ’’ کے عنوان سے علیم صبا نویدی نے تامل ناڈو کی نصف صدی کے ادبی سفر کو نہایت مہارت اور ادیبانہ گرفت کے ساتھ محاکمہ کیا ہے ۔    
          کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ ہر شخصیت کا تعارف اس انداز سے کرایا گیا کہ شخصیت کے تمام پہلو وضاحت کے ساتھ سامنے آتے ہیں اور ناقد کا انداز بیان دلکش بھی ہے اور سہل بھی ۔ کتاب اشعار کے نمونوں اور حوالہ جات سے مزین ہے ۔
          اس کتاب کو تامل ناڈو کے ادیبوں کا مختصر انسائیکلوپیڈیا کہا جاسکتا ہے ۔ کتاب بطور ریفرنس بک بھی استعمال کی جاسکتی ہے ۔ اور اردو ادب سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے لیے بے حد اہمیت کی حامل ہے ۔

اوپر جائیں  |   پرنٹ کیجئےِ
انگریزی ورژن ای میل چیک کریں مرکزی صحفہ پرنٹ پسندیدہ سائٹ بنائیں رابطہ کیجئے www.shahzadahmad.com www.shahzadahmad.com