کتاب کا نام:

ڈاکٹرسیدعبداللھ۔شخصیت وفن 

 مصنف:

ڈاکٹرروبینہ شاہین 

سال اشاعت:

۲۰۰۷

صفحات:

۱۲۸

قیمت:

۱۵۰روپے

ناشر:

اکادمی ادبیات پاکستان،اسلام آباد 

تبصرہ :

بادشاہ منیربخاری

اکادمی ادبیات پاکستان کے "پاکستانی ادب کےمعمار" کےسلسلےمیںچھپنےوالی یہ کتاب مشہورمحقق،نقاداوراردوفارسی،عربی ادبیات کےاستاد ڈاکٹرسیدعبداللھ کی شخصیت اورفن کے بارے،میں مختصرمگرجامع تحقیقی کام ہے۔کتاب کاپیش نامہ اکادمی ادبیات کے سربراہ افتخارعارف نے تحریر کیا ہے اور کتاب کے پیش لفظ میں مصنفہ نے مختصراً موضوع اور اپنے کام کی وضاحت کی ہے۔ کتاب میں ڈاکٹرسیدعبداللھ کا سوانحی خاکہ نہایت خوبصورتی اور فنی چابکدستی سے کھینچا گیا ہے۔ اس سوانحی خاکہ سے ان کی شخصیت کو ابھارا گیا ہے۔سوانحی خاکہ میں ان کی پیدائش/تعلیم و تربیت/حالات زندگی کواختصارلیکن معنوی صراحت کی ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ڈاکٹرسیدعبداللھ کی تصنیفی وتدریسی مصروفیات،ان کی تصانیف اورمقالات کی تفصیل،ان کوملے ہوئےاعزازات اوران کی ادبی علمی خدمات کا جائزہ انتہائی غیرجانبدارانہ، خوبصورت ورواں اسلوب میں اورمدلل انداز میں لیا گیا ہے۔کتاب میں ان کی تصانیف کامختصرتجزیہ بھی لیا گیا ہے اوران کےبارے میںناقدین کی آراء بھی جمع کی گئیں ہیں۔اس سلسلے میں ڈاکٹرسیدعبداللھ پرکی گئی تحقیق وتنقیدکوبھی دیکھاگیا ہےاور ان پر اب تک کے مطبوعہ مضامیں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
اس سےپہلےجامعہ پنجاب کےرسالے"ارمغان" کاایک نمبرڈاکٹرسیدعبداللھ کےحوالےسے ۲۰۰۵میں سامنے آیا تھا لیکن ڈاکٹرصاحب کی شخصیت وفن پرزیرتبصرہ کتاب اس نمبرسےبہت زیادہ جامع اورتاثراتی اورشخصی باتوں سےمبراہے۔ڈاکٹرسیدعبداللھ پریقیناًکام ہوناچاہئیے،زیرتبصرہ کتاب میں ان کے سارے ادبی کام کو جمع کیا گیا ہے جس کا اگرتفصیل سے جائزہ لیا جائے تویقیناًسینکڑوں صفحوں کی کتاب مرتب ہو سکتی ہے۔
زیرتبصرہ کتاب سے ڈاکٹرسیدعبداللھ پر تحقیقی کام کرنے والوں کو بےحد مددملےگی۔اس لیے کہ کتاب تحقیقی اصولوں کےمطابق ترتیب دی گئی ہے جس سےاستفادہ نہایت آسان ہوجاتاہے۔اردوادب کے عام قاری کےلیے بھی اس کتاب میں دلچسپی کا سامان موجودہے۔ کتاب نہایت ہی سادہ مگر ادبی اسلوب میں لکھی گئی ہے۔ جوموضوع کتاب کی ضرورتوں کو بدرجہ اتم پورا کرتی ہے۔کتاب میں بھرتی کی چیزیں جمع نہیں کی گئیں بلکہ صرف اس مواد کو ترتیب دیا گیا ہے جس کی ضرورت تھی۔ ہمارے ہاں اس طرز کی کمی ہے۔ اردومیں لکھنےوالوں نے کم ہی خیال رکھا ہے کہ اختصار کے ساتھ بھی موضوع کو سیراب کیا جاسکتا ہے،دراصل ہمارے ہاں اب تک داستانوی عناصرسے چھٹکارا نہیں پایا جا سکا۔ اس لیے غیرضروری تفاصیل سے کتابوں کو بوجھل بنا دیا جاتا ہےجس سے موضوع کی اہمیت کم ہو جاتی ہےاورایساکرناابلاغ کےلیےبھی کچھ اچھا نہيں کہ بات جب زیادہ پھیل جائےیاتفصیل میں غیرضروری عناصر شامل ہو جائیں تو نفس مضمون کو ہی نقصان اٹھاناپڑتاہے۔ ڈاکٹرروبینہ شاہین نےایک اچھی مثال قائم کی ہےجس کی پیروی سےاردوادب میں مختصرمگرجامع تحریریں وجود میں آئیں گی۔
کتاب میں ایک اورخوبصورت بات اس ميں شامل تجزئیے ہیں۔ ہر تجزیہ انتقادکےاصولوں کے عین مطابق ہے۔ کہیں بھی "میںنےمحسوس کیا ہے" یا "میری رائےمیں" والے الفاظ استعمال نہیں ہوئے۔ اور یہی سائینٹیفک طرزتحریرکسی شخصیت کےبارےمیںلکھنےکےلیےآئیڈیل ہے۔ ڈاکٹرروبینہ شاہین چونکہ سالوں سے جامعہ میں ادبیات پڑھا رہی ہیں یقیناً یہ مہارت اسیی تدریس کافیض ہے۔ اور خود ڈاکٹرسیدعبداللھ کی شخصیت اوراسلوب بھی ایسا ہےکہ انہیں اس اسلوب میں زیادہ بہتراندازمیں پیش کیا جاسکتاتھا۔ عبداللھ صاحب خود اختصارپسنداورسائینٹیفک اسلوب میں لکھنےکےعادی تھے۔
ہمارےملک کےمشہورمشاہیراورمعماران ادب کےحوالےسےاکادمی ادبیات کا ایک نہایت ہی اچھا سلسلہ ہےاوراس کام کےلیےڈاکٹرروبینہ شاہین جیسےمنجھی ہوئی محقق کا انتخاب بھی یقیناً قابل داد ہے۔اس لیےکہ ہمارےہاں اکثراچھے کام بےصلاحیت لوگوں کےحوالےکیےگئےاس لیےوہ کام نہیں ہوئے تو معیار کےحوالےسےوہ اس قابل نہیں تھےکہ ان کو اچھےکام کےطور پر پیش کیا جا سکے۔ اس طرح کے مزید کام بھی ڈاکٹرروبینہ شاہین جیسےمحقق سےکرواناچاہیئے۔ تاکہ معماران ادب کا حقیقی کام بھی سامنےآسکےاوراردوادب کا طالب علم بھی اس سےخاطرخواہ فائدہ اٹھا سکے۔
کتاب حوالوں سےمزین ہےجس سے محققین کو کافی سہولت رہے گی اور قاری کو عبداللھ کےبارے میں مزید پڑھنے کی تحریک ملے گی۔ اس لیےکہ سیدعبداللھ کی اردوزبان وادب کے لیےخدمات ایسی ہیں کہ جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہیں "بابائےاردوثانی"کہاگیا،انہوں نےاپنی ساری زندگی اردوادب وزبان کی خدمت میں صرف کی اس لیے ان پرکوئی اچھاکام ہم پر قرض تھا، ڈاکٹرروبینہ شاہین نے ہم سب کی طرف سے یہ قرض ادا کردیا ہےاوراس خوبصورتی کے ساتھ کیا ہے کہ کسی ادیب و محقق کو کوئی گلہ نہیں ہو گا۔

 

اوپر جائیں  |   پرنٹ کیجئےِ
انگریزی ورژن ای میل چیک کریں مرکزی صحفہ پرنٹ پسندیدہ سائٹ بنائیں رابطہ کیجئے www.shahzadahmad.com www.shahzadahmad.com